LIVE

توقع ہے سعودیہ، یواے ای اسرائیل معاہدے میں شامل ہو جائے گا: ٹرمپ

ویب ڈیسک
August 20, 2020
 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔

وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کی فروخت زیر غور ہے۔

سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ سعودی عرب اسرائیل امارات معاہدے میں شامل ہو جائے گا۔

ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے جلد ہی کہیں گے کہ امریکا ایران کے خلاف معطل کی گئی سابقہ تمام پابندیوں کی بحالی چاہتا ہے۔

دوسری جانب سفارتی ذرائع کا بتانا ہے کہ روس اور چین سمیت دیگر ممالک کی جانب سے امریکی اقدام کی شدید مخالفت متوقع ہے۔

یاد رہے کہ ایران کی امریکا سمیت عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والی ایٹمی ڈیل کے بعد تہران کے خلاف پابندیاں معطل کی گئی تھیں۔