LIVE

'امریکی فوج الیکشن میں کردار ادا کرے گی نہ نتائج کے تنازع میں پڑےگی'

ویب ڈیسک
August 29, 2020
 

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے واضح کیا ہے کہ فوج نہ تو صدارتی انتخاب میں کردار ادا کرے گی اور نہ ہی  انتخابی نتائج  کے تنازع میں پڑے گی۔

امریکی ارکان کانگریس کے سامنے پیش ہو کر  امریکی فوج کے سب سے اعلیٰ عہدیدار جنرل مارک ملی نے کہا کہ امریکی فوج کا صدارتی انتخاب میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔

 مارک ملی کا کہنا تھا کہ اگر انتخابی نتائج میں کوئی تنازع پیدا ہوا تو اس کے حل میں بھی مدد نہیں کی جائے گی کیونکہ قانون کے تحت عدالتیں اورکانگریس ایسے مسئلوں کا حل نکالتی ہیں، فوج نہیں۔

ان کا کہنا تھا  کہ میں دل کی گہرائی سے فوج کے غیر سیاسی ہونے کے اصول پر یقین رکھتا ہوں۔

خیال رہے کہ 3 نومبر 2020 کو امریکا میں صدارتی انتخاب ہونا ہے تاہم کورونا وائرس کے باعث پوسٹل بیلٹنگ کی تجویز بھی زیر غور ہے تاہم ٹرمپ اس کو مسترد کرچکے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پوسٹل بیلٹنگ میں ووٹوں کی گنتی میں کئی ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں اور وہ اسے فراڈ بھی قرار دے چکے ہیں جب کہ دوسری جانب ان کے حریف امیدوار جوبائیڈن بھی ٹرمپ کی جانب سے الیکشن کے نتائج میں مبینہ ردو بدل کے خدشے کا اظہار کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا کے گذشتہ انتخاب 2016 میں بھی ٹرمپ کی کامیابی پر روس کے اثر انداز ہونے کے حوالے سے بہت سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا۔