LIVE

کے الیکٹرک کے سسٹم پر سائبر حملہ، بینک سے رابطوں اور بلنگ کا نظام متاثر

فہیم صدیقی
September 08, 2020
 

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے سسٹم پر سائبر حملہ ہوا ہے اور ہیکرز نے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے کمپیوٹرز ہیک کرلیے ہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر مشرقی یورپ کے کسی ملک سے کیے گئے اس حملے میں کمپیوٹرز میں موجود ڈیٹا انکرپٹ کرلیا گیا ہے اور ڈیٹا کی واپسی کیلئے ہیکرز  نے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیک کیے گئے کمپیوٹرز  پر ڈارک ویب پر رابطے کے پیغامات چھوڑے گئے ہیں، سائبر حملے میں کے ای کے ونڈوز کمپیوٹرز اور بیک اپ متاثر ہوئے ہیں اور ہیکنگ سے انکرپٹ کیا گیا ڈیٹا قابل استعمال نہیں رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیکنگ سے بینکس سے رابطوں کا نظام متاثر ہوا ہے اور کے ای کی بلنگ کا سسٹم بھی ہیکنگ سے متاثر ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیکنگ سے محفوظ رکھنے کیلئے خریدا گیا سافٹ ویئر بھی ہیکنگ سے متاثر ہوا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ تکنیکی مسائل پرصارفین کو ڈپلیکیٹ بلز، بلوں کی ادائیگی میں رکاوٹ آسکتی ہے، کے ای لائیو ایپ کی رسائی میں بھی صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہنگامی، تکنیکی شکایات کیلئے 118کال سینٹر سروسز 24 گھنٹے دستیاب ہیں، تکنیکی مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں، صارفین کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔