LIVE

بھارتی مشیر اجیت دوول شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے کیوں بھاگے؟

ویب ڈیسک
September 16, 2020
 

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اجلاس کے دوران بھارتی مشیر کی کرسی خالی ہے: ویڈیو اسکرین گریب

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف سننے سے پہلے ہی بھاگ نکلے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں قومی سلامتی کے مشیروں کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اجلاس میں خطے میں امن کے لیے پاکستان کےعزم کو اجاگر کیا۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان امن و استحکام اور اقتصادی تحفظ کے حصول کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبران کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ میں نے اجلاس میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی یکطرفہ اور غیر قانونی کارروائیوں سے خطے کے امن اور استحکام کو لاحق خطرات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اجلاس کے شرکا کو افغان سربراہی میں امن عمل کے ذریعے افغانستان میں قیام امن کے پاکستان کے پختہ عزم سے بھی آگاہ کیا۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ میرے بھارتی ہم منصب اجیت دوول پاکستان اور روس کی تقریر سننے سے پہلے اجلاس سے نکل گئے۔