LIVE

جنوبی کوریا کی 33 منزلہ عمارت میں خطرناک آتشزدگی، 90 افراد زخمی

ویب ڈیسک
October 09, 2020
 

جنوبی کوریا میں ایک 33 منزلہ عمارت میں لگنے والی خطرناک آگ کے نتیجے میں 90 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر السن میں واقع رہائشی اور کمرشل عمارت کے متعدد فلورز پر آتشزدگی کا واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا۔

مقامی نیوز ایجنسی کے مطابق تیز ہوا کے باعث آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ کے شعلے کئی میل دور سے واضح نظر آنے لگے۔

رپورٹس کے مطابق ریسکیو ورکرز نے سیکڑوں افراد کو بحفاظت عمارت سے نکالا، 90 افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے تاہم کسی کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت کی بیرونی دیوار پر  لگی انسولیشن ممکنہ طور پر آگ کو تیزی سے بھڑکانے کا سبب بنی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔