پنجاب حکومت نے اسموگ کی روک تھام کے لیے فصلوں کی باقیات جلانے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑکوں پر لانے پر پابندی لگا دی۔
ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں 31 دسمبر تک سڑکوں پر لانے کی ممانعت ہو گی۔
بابر حیات تارڑ کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق صوبے بھر میں فصلوں کی باقیات بھی جلانے پر پابندی ہو گی۔
حکم نامے کے مطابق دھواں چھوڑنے والی صنعتوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات سونپ دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت پنجاب اسموگ کو آفت زدہ قرار دے چکی ہے جب کہ طبی ماہرین نے اسموگ کے دوران کورونا کے بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔