LIVE

دنیا کا بلند ترین بیس بال میدان، پاکستان نے امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

سہیل عمران
October 22, 2020
 

اسکردو میں بیس بال کھیلے جانے کے مناظر۔ فوٹو: جیو نیوز

اسکردو نے دنیا کے بلند ترین بیس بال میدان کا اعزاز حاصل کر لیا۔

‏بیس بال کی عالمی گورننگ باڈی ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسکردو اب دنیا کا بلند ترین مقام ہے جہاں بیس بال کا انعقاد ہو رہا ہے۔

‏پاکستان فیڈریشن بیس بال نے اس ماہ کے آخر میں اسکردو اور گلگت میں بیس بال کی سرگرمیوں کا اعلان کیا ہوا ہے۔

ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن نے اپنی حالیہ ریلیز میں اسکردو کے بیس بال میدان کو دنیا کا بلند ترین مقام قرار دیا ہے اور لکھا ہے کہ اسکردو بیس بال میچ کی میزبانی کے بعد امریکا کے بلند ترین بیس بال میدان ڈینور کلراڈو کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

فوٹو: جیو نیوز

یاد رہے کہ اسکردو کا بیس بال میدان 7 ہزار 310 فٹ کی بلندی پر واقع ہے جب کہ ڈینور کلراڈو کا بیس بال میدان 5 ہزار 130 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔

پاکستان فیڈریشن بیس بال نے اسکردو میں بیس بال اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ 29 اور 30 اکتوبر کو اسکردو میں انٹر ڈسٹرکٹ بیس بال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو گا، اور 31 اکتوبر کو پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس کے درمیان نمائشی میچ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے انٹر نیشنل کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔

تین نومبر کو گلگت میں بھی پاکستان وائٹس اور پاکستان گرینز کے درمیان نمائشی بیس بال میچ کھیلا جائے گا۔

فوٹو: جیو نیوز

پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کا کہنا ہے کہ بیس بال کے بلند ترین مقام کا اعزاز پاکستان کو ملنا فخر کی بات ہے، اس سے بیس بال کو فروغ ملے گا اور سیاحت کے رحجان میں مزید اضافہ ہو گا جو کہ اس حکومت کا ویژن بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت بھی اس حوالے سے بیس بال کی سرپرستی کرے گی۔