LIVE

60 سیکنڈز میں سانس کے ذریعے کورونا کی تشخیص

ویب ڈیسک
October 24, 2020
 

فوٹو: بشکریہ ٹوڈے نیوز

عالمی وبا کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل بھی کافی تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن اب اس کے ٹیسٹ کے لیے آسان طریقہ دریافت کرلیا گیا ہے۔

حال ہی میں سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی کی اسپن آف کمپنی میڈٹیک اسٹارٹ اپ بریتھونکس کی جانب سے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ’بریتھالیسر ٹیسٹ‘ دریافت کیا گیا ہے جو ایک منٹ کے اندر کورونا وائرس کی تشخیص کر سکتا ہے۔

’بریتھالیسر ٹیسٹ‘ نے اپنے پائلٹ کلینیکل ٹرائل کے دوران 180 مریضوں کے ٹیسٹ کیے جس کے نتائج 90 فیصد درست تھے۔

فی الحال کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے عام طور پر پی سی آر ٹیسٹ کیا جاتا ہے جس میں ناک اور حلق سے نمونہ لیا جاتا ہے اور یہ کافی تکلیف دہ بھی ہوتا ہے جب کہ اس کے نتائج بھی چند گھنٹوں بعد سامنے آتے ہیں۔

لیکن نیا ’بریتھالیسر ٹیسٹ‘ صرف مشتبہ شخص کی سانس کے ذریعے کیا جاتا ہے جس سے کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔

اس ٹیسٹ میں ماہرین مشتبہ شخص کی سانس میں بدلنے والے اورگینگ کمپاؤنڈ کی جانچ کرتے ہیں۔

بریتھونکس کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر جیا ژہنہان کا کہنا ہے کہ مختلف بیماریوں کے باعث سانس میں موجود کمپاؤنڈز بھی تبدیل ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مشتبہ شخص کی سانس میں موجود کمپاؤنڈ میں ہونے والی تبدیلی سے بیماری کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔

ان کے مطابق یہ مشین لرننگ سافٹ وئیر سے 60 سیکنڈز میں نتائج بتانے کی صلاحیت رکھتی ہے جب کہ اس ٹیسٹ کو کرنے کے لیے خصوصی تربیت یافتہ اسٹاف یا لیبارٹری کی ضرورت بھی نہیں ہے۔