LIVE

وفاقی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے، بلاول کا دعویٰ

ویب ڈیسک
October 26, 2020
 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ  وفاقی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ملک ميں اصل جمہوریت کی بحالی کی تحریک ہے، پورے ملک میں جمہوریت بحال کریں گے۔

گلگت بلتستان کے ضلع کَھرمنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کاکہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند مہینوں کی مہمان ہے،گلگت بلتستان کے انتخابات اقتدار یا حکومت بنانے کی لڑائی نہیں بلکہ عوام کے مستقبل کا سوال ہے۔

بلاول کاکہنا تھاکہ ہم نے نہ صرف آپ کو حقوق دلوانے ہیں بلکہ تبدیلی کی تباہی سے بچانا ہے، یہ جھوٹی جماعت ہے، اس کی ہر بات جھوٹی ،دھوکا اور یوٹرن نکلا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے یہاں کے عوام کو ووٹ ڈالنے کا اختیار دیااور گلگت بلتستان کو اپنی شناخت دلوائی، پیپلزپارٹی کامنشورگلگت بلتستان کے عوام کامطالبہ ہے، یہ صرف ایک الیکشن نہیں گلگت بلتستان کا مستقبل ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھاکہ پورے ملک میں آٹے کا بحران ہے، ہمیں معاشی بحران، مہنگائی اورغربت کے خاتمے کے لیے عوامی حل چاہیے، ہم نے اپنے دور حکومت میں مشکل وقت میں بھی لاوارث نہیں چھوڑا تھا اور مہنگائی کا مقابلہ کرنےکے لیے تنخواہوں میں اضافہ کیا جب کہ پنشن میں 150فیصد اضافہ کیا۔