LIVE

اسلام آباد میں ماسک نہ پہننے پر پولیس گرفتار کرسکے گی، نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک
October 28, 2020
 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ماسک پہننے سے متعلق اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ فوری ہوگا اور دفعہ 144 کا نفاذ 2 ماہ تک رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ  عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے کی خلاف ورزی پر  پولیس گرفتار بھی کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے بھی گھر سے باہر جانے کی صورت میں ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔