28 اکتوبر ، 2020
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی) نے فیصلہ کیا ہےکہ جن علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے وہاں وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نئی پابندیاں لگائی جائیں گی۔
این سی او سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران ملک میں کوروناکیسز میں اضافےکے باعث فیصلہ کیاگیاہےکہ جن علاقوں میں کورونا پھیل رہا ہے اور وہاں مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے زیادہ ہے وہاں پابندیوں کا دوبارہ نفاذ کیا جائے۔
این سی او سی کے مطابق جن اضلاع اور شہروں میں نئی پابندیوں کا اطلاق ہوگا ان میں کراچی، لاہور، اسلام آباد ، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد ،گلگت، ملتان، مظفر آباد، میر پور، پشاور اور کوئٹہ وغیرہ شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ، چار دیواری میں ہونے والی تقریبات، بازاروں، بس اڈے اور ریلوے اسٹیشن سمیت رش والی جگہوں پر ماسک پہننا لازمی ہوگا اور اس پابندی پر سختی سے عمل کرایاجائےگا۔
این سی او سی کے مطابق کورونا کے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کیا جائےگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے، تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے شعبے جیسے میڈیکل اسٹورز ، کلینکس اور اسپتال معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جب کہ تمام عوامی پارک شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق 29 اکتوبر سے ہوگا اور تاحکم ثانی اس پر عمل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا سے اموات میں بھی اضافہ ہورہاہے جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ڈھائی سے پونے تین فیصد تک پہنچ چکی ہے۔