LIVE

جلد جنوبی بلوچستان کیلئے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کروں گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک
October 29, 2020
 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  وہ جلد جنوبی بلوچستان کا دورہ کریں گےاور وہاں کے عوام کے لیے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔

24 جولائی 2020 کو ہونے والی قومی ترقیاتی کونسل کے اجلاس کے پس منظر میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں  وفاقی وزراء کے علاوہ آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے شرکت کی۔

اجلاس کو جنوبی بلوچستان، خصوصاً خضدار، آوران، چاغی، خاران، واشک، لسبیلہ، گوادر، پنجگور اور تربت کے پسماندہ اضلاع کے لیے تجویز کردہ ترقیاتی پیکج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ جنوبی بلوچستان کے لیے سڑکوں، توانائی، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیم، تعلیم، صحت، زراعت، مویشی، ماہی گیری اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھاکہ وہ جلد جنوبی بلوچستان کادورہ کریں گے اور وہاں کے عوام کے لیے جامع ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔

وزیراعظم کاکہنا تھاکہ گوادر بندرگاہ خاص اہمیت کی حامل ہے جو ملکی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔