LIVE

’ہم سب کو تھوڑی سی شرم ہونی چاہے‘، وسیم اکرم کراچی والوں سے پھر ناراض

ویب ڈیسک
October 31, 2020
 

—اسکرین گریب 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ساحل کی گندگی دیکھنے کے بعد ایک بار پھر عوام سے ناراض ہو گئے۔

وسیم اکرم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کراچی کے ساحل سمندر پر موجود ہیں۔

سابق کپتان نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایک مرتبہ پھر کراچی کی عوام سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی کے ساحل پر کوڑے دان لگا دیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود بھی سارا کوڑا کوڑے دان سے باہر پھینکا گیا ہے اور پھر سارے کہتے ہیں کہ کراچی بہت گندا ہے‘۔

وسیم اکرم نے کہا کہ ’آپ حکومت کو چھوڑیں پہلے آپ سارے خود تو صاف ہو جاؤ‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ پورے ساحل کو سی بی سی کے لوگوں نے اتنی مشکلوں سے صاف کیا تھا اور یہ پھر سے گندا ہو گیا ہے، دو تین کوڑے دان پڑے ہیں لیکن مجال ہے کہ آپ لوگ کوڑا دان استعمال کر لیں‘۔

سابق کپتان نے کہا کہ ’تھوڑی سی شرم ہونی چاہیے ہم سب کو، میں یہ دیکھ کر اور بیوی کو یہ دکھا کر شرمندہ ہو گیا کہ یہ ہفتہ پہلے صاف ہوا تھا اور دوبارہ گندا کر دیا گیا ہے‘۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل سی ویو پر گندگی کے حوالے سے آواز اٹھائی تھی۔

اس تنقید کے اگلے ہی روز انتظامیہ حرکت میں آ گئی تھی اور سی ویو پر صفائی کا کام شروع کر دیا تھا۔