LIVE

اداکار عدنان ملک نے سوشل میڈیا اور حقیقت میں فرق واضح کر دیا

ویب ڈیسک
November 01, 2020
 

فوٹو: انسٹاگرام/عدنان ملک

پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار عدنان ملک نے انسٹاگرام کی تصاویر اور حقیقت میں فرق واضح کر دیا ہے۔

حال ہی میں اداکار عدنان ملک مری اور گلیات کے علاقے کی دوسری بلند ترین چوٹی میراں جانی ٹاپ پر گئے اور انہوں نے وہاں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

عدنان ملک نے ایک طویل کیپشن کے ساتھ اپنی 3 تصاویر شیئر کیں جس میں انہوں نے انسٹاگرام اور حقیقت میں فرق  واضح کیا۔

اداکار نے لکھا کہ ’یہ بات میرے لیے بہت ہی بری ہے کہ ہم قدرتی خوبصورتی کی تصویر کشی کرنے کے لیے ان حیرت انگیز مقامات کی سیر کرتے ہیں، ساتھ ہی ہم اسے بے دلی کے ساتھ گندا بھی کر رہے ہوتے ہیں‘۔

عدنان ملک نے لکھا کہ ’ہم ایک جاندار ہونے کی حیثیت سے بیکار  ہیں، ہم ایک خوبصورت تصویر کی خاطر پاگل ہو رہے ہوتے ہیں اور ساتھ ہی ہم اپنا کچرا کوڑے دان تک میں نہیں ڈالتے اور وہیں اپنا کچرا پھینک کر دوسرے کا تجربہ برباد کر دیتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم دیگر چرند پرند کے بارے میں کیوں نہیں سوچتے، یہ کوڑا اور پلاسٹک ان کی جان کے لیے خطرے کا باعث بن رہا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ ہم یہ کیوں سوچ لیتے ہیں کہ جو کچرا ہم کر کے جاتے ہیں وہ کوئی دوسرا آکر صاف کرے گا یا وہ قدرتی طور پر ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پوری دنیا گھومنے اور اس کی خوبصورتی کو دیکھنے کا شوق ہے اور جب میں پاکستان میں گھوما تو میں نے یہاں دو چیزیں دیکھیں، ایک یہ کہ اللہ نے ہمیں پوری دنیا میں سب سے خوبصورت اور سرسبز و شاداب خطے سے نوازا ہے اور دوسری یہ کہ ہماری عوام بالخصوص نوجوان اس خطے کی بلکل عزت نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چاہے کہیں بھی چلے جاؤ وہاں پلاسٹک کے ریپر، بوتلیں اور کچرا ہر فٹ پاتھ اور عوامی مقام پر نظر آئے گا۔

عدنان ملک نے بتایا کہ میراں جانی ٹاپ کے مقامی محافظ نے بتایا کہ یہاں زیادہ تر کچرا کالج اور اسکولوں کے ٹرپ کے بعد ہوتا ہے۔

اداکار نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی ہے کہ اس خوبصورت جگہ کی حفاظت کریں اور ان جگہوں کو خود سے صاف رکھیں۔