LIVE

یہ کہنا کہ جلسوں سے کورونا نہیں پھیلتا احمقانہ بات ہے: فواد چوہدری

ویب ڈیسک
November 29, 2020
 

وفاقی وزیر  برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے یہ کہنا کہ جلسوں سے کورونا نہیں پھیلتا احمقانہ بات ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ این سی او سی کی سفارشات ہیں کہ جلسوں اور اجتماعات پر پابندی لگائی جائے۔

ان کا کہنا تھا وزیراعظم تو کسی قسم کا رخنہ ڈالنے کی حمایت میں نہیں ہیں لیکن یہ کہنا کہ جلسوں سے کورونا نہیں پھیلتا احمقانہ بات ہے۔

دوسری جانب پروگرام میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ حکومت کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتی، اور نہ ہی اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کو کوئی فرق پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پی ڈی ایم کے جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا پلان بی اور سی کوئی حیثیت نہیں رکھتا، ملتان کے عوام ان کو خود مسترد کریں گے۔

 واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے 30 نومبر کو ہر صورت ملتان میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے  تاہم پنجاب حکومت نے پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے قاسم باغ کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا ہے۔