LIVE

ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلہ: کراچی بار کا پولیس پارٹی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

ویب ڈیسک
December 06, 2020
 

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلے کے معاملے پر کراچی بار ایسوسی ایشن نے محکمہ داخلہ سندھ کو خط دیا۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ علی حسن ایڈووکیٹ کے ڈرائیور عباس کے اہل خانہ کو پولیس اہلکاروں نے اغواء کیا تھا، علی حسن ایڈووکیٹ کے اہل خانہ کو دھمکیاں دیں اور کورے کاغذ پر دستخط کرائے گئے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علی حسن ایڈوکیٹ کے پڑوس کے گھروں سے بھی سی سی ٹی وی وڈیوز ضائع کی گئیں، ویڈیو ضائع کر کے ڈرائیور عباس کے قتل کا ثبوت مٹایا گیا لہذا پولیس پارٹی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ڈاکؤوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعدازں ایک خاتون کا بیان سامنے آنے کے بعد مقابلہ مشکوک ہو گیا تھا۔