LIVE

اسلام آباد میں ہوٹل کے کمرے سے 2 بہنیں نیچے گرگئیں، ایک جاں بحق

ویب ڈیسک
December 14, 2020
 

اسلام آباد کے نواحی علاقے لوہی بھیر میں ایک ہوٹل کے کمرے سے دو لڑکیاں نیچے جا گریں، واقعے میں ایک لڑکی جاں بحق اور دوسری شدید زخمی ہوگئی۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے کمرے سے دو لڑکوں نے بھاگنے کی کوشش کی، سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک لڑکا بھی زخمی ہوا ، دونوں لڑکیاں سگی بہنیں ہیں اور گجرات کی رہائشی ہیں، اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

تھانہ لوہی بھیرکےعلاقے میں ہوٹل کے فلور سے 2 لڑکیوں کے گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ہوٹل کے کمرہ میں پیش آیا، پولیس کو صبح اطلاع ملی کہ کمرے سے 2 لڑکیاں نیچے گری ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق ایک لڑکی موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ دوسری زخمی ہے، دونوں لڑکیاں سگی بہنیں ہیں اور گجرات کی رہائشی ہیں،  ہوٹل کے کمرے میں موجود دو لڑکوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کی جس سے ایک لڑکا زخمی ہوگیا، پولیس نے دونوں لڑکوں کو گرفتار کرلیا، شناخت عبداللہ اور عبدالرحمن کےنام سےہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالی لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔