LIVE

انوشکا اور ویرات کو بیٹی کی 'پرائیویسی' کی فکر لگ گئی

ویب ڈیسک
January 13, 2021
 

انوشکا اور ویرات کوہلی نے پاپارازی فوٹوگرافرز سے کہا ہے کہ ہم اپنی بچی کی پرائیویسی کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں،فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کےکپتان ویرات کوہلی کے ہاں 2 روز قبل ہی ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد سے بالی وڈ کی یہ مشہور جوڑی مسلسل خبروں میں ہے۔

11 جنوری کو ویرات کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خوشخبری سنائی تھی کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے تمام تر لوگوں سے یہ بھی کہا تھا کہ ہمیں امید ہےکہ آپ ہماری پرائیوسی کا خیال رکھیں گے۔

اب ایک بار پھر دونوں نے پاپارازی فوٹوگرافرز سے اپیل کی ہےکہ وہ ان کی بیٹی کی تصویر لینے کی کوشش نہ کریں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ اس کی پرائیویسی متاثر ہو۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاپارازی فوٹوگرافرز کے نام اپنے پیغام میں دونوں نےکہا ہےکہ آپ لوگوں کی محبت کا شکریہ جو گذشتہ سالوں میں آپ لوگوں کی طرف سے رہی ہے، والدین کے طور پر ہماری آپ سے بس یہ درخواست ہے کہ ہم اپنی بچی کی پرائیویسی کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔

دونوں کاکہنا ہے کہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ اپنے حوالے سے وہ سب مواد آپ کو فراہم کریں جو آپ کو درکار ہے تاہم ہماری آپ سے درخواست ہے کہ ایسی کوئی چیز بھی نہ  لیں جو کہ ہماری بچی سے متعلق ہو، ہمیں امید ہے کہ آپ لوگ ہماری بات سمجھ جائیں گے۔

خیال رہےکہ بھتیجی کی پیدائش کے بعد  ویرات کوہلی کے بھائی وکاس کوہلی نے انسٹاگرام پر کمبل میں لپٹی بچی کے پیروں کی تصویر شیئر کی تھی جس کے بعد سمجھا جارہا تھا کہ یہ ویرات اور انوشکا کی بیٹی ہے تاہم بعد ازاں  وکاس کوہلی نے وضاحت کی یہ تصویر انوشکا اور ویرات کی بیٹی کی اصل تصویر کے بجائے ایک عام تصویر ہے۔