LIVE

’کیا سیکرٹری داخلہ دیر سے اٹھتے ہیں؟ ابھی وارنٹ جاری کردیتے ہیں‘، عدالت برہم

ویب ڈیسک
January 13, 2021
 

امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس میں بریت کے باوجود ملزمان کی رہائی نہ ہونے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پرپیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 20 جنوری کو فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا سیکرٹری داخلہ سندھ دیر سے اٹھتے ہیں؟ ہم ابھی دونوں کے وارنٹ جاری کردیتے ہیں، انہیں معلوم نہیں، ان کے خلاف توہین عدالت کا کیس چل رہا ہے۔

ڈینئل پرل قتل کیس میں بریت کے باوجود ملزمان کی رہائی نہ ہونے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل حسن سہتو اور اسپیشل سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ابھی چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ کے وارنٹ جاری کردیتے ہیں، ان کو معلوم نہیں ان کے خلاف توہین عدالت کا کیس چل رہا ہے۔

عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پرپیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 20 جنوری کو فریقین سے جواب طلب کرلیا۔