LIVE

شارع فیصل پر جماعت اسلامی کا ’کراچی کو حق دو‘ مہم کے تحت دھرنا

ویب ڈیسک
January 15, 2021
 

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے، پی ٹی آئی نے بھی ڈھائی سال میں کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، مردم شماری پر اگر ایم کیوایم کو تحفظات ہیں تو حکومت سے علیحدہ کیوں نہیں ہو جاتی۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی نے جماعت اسلامی کے تحت درست مردم شماری، بااختیار شہری حکومت و فوری بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے شہر بھر میں جاری”حقوق کراچی تحریک“ کے سلسلے میں ضلع قائدین کے تحت نرسری بس اسٹاپ، شاہراہ فیصل پر احتجاجی مظاہرے و دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ ”حق دو کراچی کو، پورا ٹیکس اور آدھی گنتی نامنظور نامنظور، تین کروڑ عوام کا نعرہ مردم شماری دوبارہ، وفاق کے ارادے چکناچور آدھی گنتی نامنظور۔

 حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کے معاملے میں بھی تمام جماعتیں ایک ہیں۔ کوئی کے الیکٹرک کے خلاف بات نہیں کرتا، پیپلز پارٹی 13 سال سے صوبے میں حکومت کر رہی ہے لیکن کراچی کو آج تک اس کا حق نہیں دیا، ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کو سہانے خواب دکھائے ووٹ حاصل کیے اور سب سے زیادہ کراچی کو ہی تباہ و برباد کیا، ایم کیوایم تمام حکومتوں میں شامل رہی ہے اور اس نے ہر دور میں کراچی کے عوام کا مینڈیٹ فروخت کیا۔