LIVE

کوالالمپور پی آئی اے طیارہ معاملہ، پاکستان پہنچنے پر شہری پھٹ پڑے

ویب ڈیسک
January 17, 2021
 

پی آئی اے کی کوالالمپور میں روکی گئی پرواز کے مسافر متبادل پروزاوں سے اسلام آباد پہنچ گئے اور وطن واپس پہنچنے پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔

118 مسافر براستہ دبئی ہفتے کی رات غیر ملکی پرواز سے اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے جبکہ رات ڈھائی بجے کے قریب 65 مسافر براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچے اور پی آئی اے انتظامیہ پر برس پڑے۔

کوالالمپور میں پھنسے مسافر وں کا اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچنے پر میڈیا نمائندوں کو موبائل فوٹیج بنانے سے بھی روک دیا گیا جبکہ مسافروں اور ان کے اہلخانہ سے بات بھی نہیں کرنے دی گئی، ائیرپورٹ پر صحافیوں سے بدتمیزی اور موبائل فون چھیننے کی بھی کوشش کی گئی۔

پاکستان پہنچنے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے لیز نہیں بھری اور ہمیں فنی خرابی کی جھوٹی بات بتائی۔

کچھ مسافروں نے کھانا اور رہائش نہ دینے کے الزامات بھی عائد کیے اور بتایا کہ ان کا سامان بھی اب تک کوالالمپور میں پھنسا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ لیز پر لیے گئے طیارے کا کرایہ نہ بھرنے پر پی آئی اے کا طیارہ جمعے کو کوالالمپور ائیر پورٹ پر تحویل میں لے لیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ لیز پر لیے گئے جہاز کا معاملہ برطانیہ کی عدالت میں زیر سماعت ہے اور ملائیشیا کی مقامی عدالت نے ہمیں سنے بغیر ہی جہاز تحویل میں لینے کے احکامات جاری کیے جو باعث تشویش ہیں۔