LIVE

عدنان صدیقی کا بھارتیوں کو پیغام

ویب ڈیسک
January 30, 2021
 

فائل فوٹو

پاکستان سمیت سرحد پار اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار عدنان صدیقی نے حال ہی میں بھارتیوں کو ایک پیغام دیا ہے۔

 عدنان صدیقی 'ہیلو میرا سیٹھی' ویب شو میں جلوہ گر ہوئے جہاں انہوں نے بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے اپنا تجربہ بھی بیان کیا۔

عدنان صدیقی نے بھارت کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت وہ میری تیسری اور ان کی 300 ویں فلم تھی لیکن اس کے باوجود بھی سری دیوی کا اس قدر عاجز ہونا بہت بڑی بات تھی۔

انہوں نے بتایا کہ میں وہ دن نہیں بھول سکتا جب میں پہلے دن شوٹ پر گیا تھا اور وہ اپنی گاڑی کے باہر کرسی پر بیٹھی ہوئی تھیں، انہوں نے میرا ڈائریکٹر سے تعارف کرایا اور کھڑے ہو کر انہوں نے میری بہت اچھی طرح خوش آمد کی، سری دیوی نے میرا  بہت خیال کیا اور مہمان نوازی کی۔

بعدازاں اداکار عدنان صدیقی نے بھارت اور پاکستان کے کشیدہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں پاکستانیوں میں بہت زیادہ برداشت ہے، اگر یہاں کسی اداکار یا گلوکار کا کسی بھارتی اداکار یا گلوکار کے ساتھ تعلق ہوگا توآپ اس پر بھی پابندی لگا رہے ہیں ، یہ بہت افسوسناک بات ہے اور اس کی شروعات بھارت سے ہی ہوئی ہے۔

عدنان صدیقی نے بھارتیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے اندر تھوڑی برداشت پیدا کرنی چاہیے۔