LIVE

دلیپ کمار اور کپور خاندان کے گھروں کی خریداری کیلئے رقم ضلعی انتظامیہ کو منتقل

ویب ڈیسک
February 19, 2021
 

ماضی کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار اور کپور خاندان کے آبائی مکانات کی خریداری کیلئے محکمہ آثار قدیمہ کو فنڈز مل گئے ہیں جس کے بعد محکمہ آثار قدیمہ نے 2 کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار روپے ڈپٹی کمشنر کے  اکاؤنٹ میں منتقل کردیے۔

دلیپ کمار کے چار مرلہ گھر کی خریداری کیلئے 80 لاکھ 56 ہزار جبکہ سوا 6 مرلے کپور حویلی کی خریداری کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب دلیپ کمار گھر کے مالک مکان کے وکیل گل رحمان مہمند نے جیو نیوز کو بتایا کہ حکومت دلیپ کمار کا گھر خریدنا چاہتی ہے تو مارکیٹ ریٹ کے مطابق 35 کروڑ روپے ادا کرے۔ 

کپور حویلی کے مالک علی قادر نے جیونیوز کو بتایا کہ وہ حکومتی قیمت کے خلاف عدالت جائیں گے، حویلی کی منفرد حیثیت ہے، اس لیے حکومت 2 ارب روپے قیمیت ادا کرے۔ 

ڈائرکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبد الصمد نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ حکومت نے دلیپ کمار اور کپور حویلی کو میوزیم بنانے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور حکومت دونوں گھروں کو محفوظ کرے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ محکمہ آرکیالوجی گھروں کی خریداری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا اور مالکان حکومت کی خریداری سے متعلق پیشکش رد نہیں کر سکتے، مالکان سے صرف گھروں کی قیمتوں پر بات ہوسکتی ہے۔