LIVE

ملائیشیا نے میانمار کے ایک ہزار سے زائد تارکین وطنوں کو ملک بدر کردیا

ویب ڈیسک
February 23, 2021
 

ملائیشین حکومت کا دعوٰی ہےکہ اس نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے تحت رجسٹرڈ کیےگئے تارکین وطنوں کو ملک سے نہیں نکالا،فوٹو: فائل

ملائیشیا نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے میانمار کے ایک ہزار سے زائد تارکین وطن افراد کو ملک بدر کردیا۔

ملائیشیا نے میانمار کی فوج کی جانب سے بھیجے گئے تین بحری جہازوں کے ذریعے میانمار کے پناہ گزینوں کو واپس ان کے ملک روانہ کردیا جب کہ کوالالمپور کی عدالت نے پناہ گزینوں کی ملک بدری بدھ کی صبح تک روکنے کے احکامات دیے ہوئے تھے۔

ملائیشین حکومت کا دعوٰی ہےکہ اس نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے تحت رجسٹرڈ کیےگئے تارکین وطنوں کو ملک سے نہیں نکالا۔

عالمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملک بدر کیے جانے والوں میں روہنگیا مسلمانوں کے علاوہ میانمار چھوڑ کر آنے والی دیگر اقلیتی گروپ کے افراد بھی شامل ہیں۔

ملائیشیا کی حکومت نے تارکین وطنوں کی ملک بدری کی وجہ بھی نہیں بتائی، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ملک بدری کے فیصلے کو غیر انسانی اور تباہ کن قرار دیا ہے۔