LIVE

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات: لیاقت جتوئی کا شہباز گل کو نوٹس بھیجنے کا اعلان

ویب ڈیسک
February 25, 2021
 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور اپنی ہی پارٹی کے رہنما شہباز گل کو قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفگتو کرتے ہوئے لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں ہے، شہباز گل کو قانونی نوٹس بھیجوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو پتا ہی نہیں کہ سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ گورنر ہاؤس سندھ میں ہوا۔

سیف اللہ ابڑو کی جانب سے بھیجے گئے ہرجانے کے نوٹس پر لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ وہ 22 گریڈ کے افسر نہیں کہ شوکاز نوٹس سے دھمکایا جائے گا، وہ شو کاز نوٹس کا جواب نہیں دیں گے۔

دوسری جانب رہنما پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ انہیں ٹکٹ دینے کا فیصلہ وزیراعظم کی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ نے کیا، یہ فیصلہ پارٹی کا ہے۔

پروگرام کے دوران ہی سیف اللہ ابڑو نے لیاقت جتوئی سے سوال کیا کہ انہوں نے اپنے ضلع کی تمام چھ سیٹیں اپنے رشتہ داروں کو دیں اور کوئی بھی نا جیت سکا، وہ کس منہ سے سینئر اور جونیئر کی بات کر رہے ہیں۔