LIVE

ملزمان کیساتھ روابط رکھنے والے اہلکاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی: آئی جی سندھ

راحیل سلمان
April 27, 2024
 

سندھ پولیس کے 78 اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے، انہیں شوکاز جاری کردیے گئے ہیں: غلام نبی میمن/ فائل فوٹو

کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ملزمان کے ساتھ روابط رکھنے والے اہلکاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت میں سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم منصوبے پر اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ کے داخلی وخارجی راستوں پر لگے مانیٹرنگ کیمروں کی حفاظت ریپڈ ری ایکشن فورس کی ہوگی۔

اس دوران پراجیکٹ مینیجر نے بتایا کہ 10مئی تک اسمارٹ سرویلنس سسٹم مکمل طورپرفعال اورپولیس کے سپرد کردیا جائے گا۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کے 78 اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے، انہیں شوکاز جاری کردیے گئے ہیں کیونکہ اہلکاروں کے خلاف ملزمان کے ساتھ روابط سمیت دیگر شکایات تھیں۔

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ہی مزید کارروائی کی جائے گی، ان اہلکاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ غلام نبی میمن نے شہریوں کو اپنے گھروں اور کاروباری مقامات پر خود ہی کیمرے لگوانے کا مشورہ دے دیا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عوام پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں، شہری اپنے گھروں اور کاروباری مقامات پر کیمرے نصب کروائیں جہاں ضرورت ہو وہاں رضاکارانہ طورپر گواہی کے لیے تعاون کریں۔