LIVE

کیا اب کریڈٹ کارڈز بھی فنگر پرنٹ سینسرز کے ساتھ آئیں گے؟

ویب ڈیسک
March 07, 2021
 

فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز 

متعدد اسمارٹ فونز اور سکیورٹی سسٹم میں فنگر پرنٹ سینسرز کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے صارفین کی پرائیویسی محفوظ رہتی ہے۔

اب حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معروف کورین ٹیکنالوجی کمپنی اور ماسٹر کارڈ پیمنٹ کارڈز میں بھی بائیو میٹرک سسٹم شامل کرنے والے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورین ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے ماسٹر کارڈ کے ساتھ ایک ایم او یو (یاداشت) پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں کمپنیاں مل کر پیمنٹ کارڈز میں فنگر پرنٹ سینسرز شامل کریں گی۔

یہ اقدام اس لیے کیا گیا ہے تاکہ اس سے صارفین کا پیمنٹ کا تجربہ محفوظ اور پیسے نکلوانے والے فرد کا پیمنٹ ٹرمنل سے براہ راست فزیکل (جسمانی) رابطہ کم سے کم ہو سکے۔

کمپنی کے مطابق اس سسٹم کے تحت صارفین کو پیمنٹ نکالنے کے لیے پن کوڈ ڈالنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

رپورٹس کے مطابق ان بائیو میٹرک کارڈز پر نئے سکیورٹی چپ سیٹ لگے ہوں گے جو کہ سام سنگ سسٹم ایل ایس آئی بزنس کی جانب سے تیار کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ ان نئے کارڈز کو سام سنگ کارڈ کا نام دیا گیا ہے جو کہ ابتدائی طور پر جنوبی کوریا میں صارفین کے لیے میسر ہوں گے۔