LIVE

کوروناویکسین لگوانے سے پہلے یہ معلومات ضرور پڑھیں

ویب ڈیسک
March 08, 2021
 

فوٹو شکریہ اے پی

ملک بھر میں چین کی جانب سے فراہم کی گئی کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے تاہم اس ویکسین سے متعلق کچھ ضروری معلومات جاننا بھی عوام کے لیے بہت ضروری ہیں۔

چین کی یہ ویکسین دو خوراکوں پر مشتمل ہے جو 21 روز کے وقفے سے لگتی ہے اور  اسے لگانے سے پہلے انسان کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول چیک کرنا لازمی ہے، دونوں چیزیں نارمل ہونے کی صورت میں ہی ویکسین لگانے کا مرحلہ آئے گا۔ 

یہ ویکسین 18 سال سے کم افراد کے لیے نہیں ہے جب کہ کسی بھی قسم کی غیرمتوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے ویکسین مراکز  میں ضروری آلات سے لیس ایمرجنسی کارنرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق سائنو فارم کمپنی کی یہ ویکسین 2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر رکھی جاتی ہے جب کہ امریکا اور روس سمیت دیگر ممالک کی کورونا ویکسین کو رکھنے کے لیے منفی 20 سے منفی 70 ڈگری کا درجہ حرارت درکار ہے۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ  اس کولڈ چین کو برقرار کرنا پاکستان جیسے ممالک میں بہت مشکل ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ حکومت نے چین کی ویکسین کو ترجیح دی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اگلے مرحلے میں یہ ویکسین دیگر سرکاری ملازمین سمیت عام لوگوں کے لیے بھی دستیاب ہوگی تاہم اس میں کتنا وقت لگے گا اس بارے میں حکام کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔