سابق ٹیسٹ کرکٹر مرحوم عبدالقادر کو ستارہ امتیاز ملنے پر ان کے بیٹوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ستارہ امتیاز کا اعزاز ملنے پر قومی کرکٹر عثمان قادر اور سلیمان قادر نے ویڈیو پیغامات جاری کیے ہیں جس میں عثمان قادر نے کہا کہ میرے والد کی خدمات کے بدلے ستارہ امتیاز دینے پر حکومت پاکستان اور صدر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میرے اور میری فیملی کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔
سیلمان قادر نے کہا کہ میرے اور میری فیملی کے لیے آج بہت خوشی کا دن ہے، حکومت پاکستان کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے میرے والد کی خدمات کو سراہا۔
خیال رہےکہ حکومت پاکستان نے مرحوم عبدالقادر کو بعداز وفات ستارہ امتیاز سے نوازا ہے اور گورنر ہاؤس پنجاب میں ان کی اہلیہ نے ستارہ امتیاز وصول کیا۔