LIVE

دورہ جنوبی افریقا: سعود شکیل کی جگہ آصف علی قومی ون ڈے اسکواڈ میں شامل

سہیل عمران
March 25, 2021
 

فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے نوجوان مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل بائیں ٹانگ میں انجری کی وجہ سے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہو گئے۔

سعود شکیل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کے دوران گریڈ ون ٹیئر کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد آصف علی کو بطور متبادل کھلاڑی قومی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

آصف علی پہلے ہی جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

سعود شکیل زمبابوے کے خلاف اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ فی الحال نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے اور اگر  وہ 12 اپریل سے قبل مکمل صحتیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل بقیہ 10 ارکان کے ہمراہ ہرارے کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

چونتیس رکنی قومی اسکواڈ 26 مارچ بروز جمعہ کو بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ جوہانسبرگ روانہ ہو گا، ان 34 ارکان میں 21 کھلاڑی اور  13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں۔

قومی ٹیم کو دورہ جنوبی افریقا میں 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔

قومی اسکواڈ وہاں سے 17 اپریل کو 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہرارے روانہ ہو گا، جہاں سے 12 مئی کو قومی اسکواڈ کی وطن واپسی ہو گی۔