LIVE

فلپائنی شہری کے سینے میں ایک سال سے 4 انچ لمبی چھری موجود ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک
March 30, 2021
 

فوٹو بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

دنیا میں کچھ لوگ انتہائی مشکل تجربے سے گزرنے کے باوجود بھی بال بال بچ جاتے ہیں  اور ایسا ہی ایک فلپائنی شہری کے ساتھ ہوا جو ایک خطرناک تجربے کے بعد زندہ بچ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ فلپائنی شہری کینٹ ریان کو سینے میں تکلیف کا سامنا ہوا جس پر ڈاکٹرز نے ان کا ایکسرے کرایا تو ان کے سینے میں 4 انچ لمبی چھری موجود ہونے کا انکشاف ہوا جس کا دستہ موجود نہیں تھا۔

کینٹ ریان کے مطابق جب ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کے سینے میں 4 انچ لمبی چھری موجود ہے جو پھیپھڑوں سے انتہائی قریب ہے تو وہ عجیب سی الجھن کا شکار ہوگئے۔

ریان کےمطابق انہیں لگا تھا کہ انہیں سردی کی وجہ سے سینے میں درد کی شکایت ہے اور انہوں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ان کے سینے میں چھری موجود ہے۔

فلپائنی شہری کے مطابق انہیں اندازہ نہیں کہ چھری ان کے سینے میں کیسے پہنچی تاہم ڈاکٹرز کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس موٹرسائیکل سواروں نے ان پر چھری سے وار کیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور جب ان کی آنکھ کھلی تو ڈاکٹرز نے بتایا کہ بڑی مشکل سے ان کی جان بچائی گئی ہے۔