LIVE

بھارت سے چینی درآمد کا معاملہ، رحمان ملک کا چینی کا استعمال ترک کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
March 31, 2021
 

حکومتی فیصلے کے خلاف بطور احتجاج تمام پاکستانی چینی استعمال نہ کریں، سابق وزیر داخلہ کی اپیل— فوٹو:فائل 

سابق وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے بھارت سے چینی درآمد کے حکومتی فیصلے پر احتجاجاً چینی کا استعمال ترک کرنے کا اعلان کردیا۔

حکومت پاکستان نے بھارت سے تجارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے چینی اور کپاس درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے انوکھے انداز میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ 

رحمان ملک کا کہنا تھاکہ زرعی ملک ہونے کے باوجود بھارت سے چینی کی درآمد لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بھارت سے چینی درآمد کرنے کے فیصلے پر بطور احتجاج چینی استعمال نہیں کروں گا۔

رحمان ملک نے عوام سے اپیل کی کہ حکومتی فیصلے کے خلاف بطور احتجاج تمام پاکستانی چینی استعمال نہ کریں۔