LIVE

پاکستان پر سفری پابندیاں: اسد عمر نے برطانوی فیصلے پر سوال اٹھادیا

ویب ڈیسک
April 03, 2021
 

این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے برطانوی فیصلے پر سوال اٹھادیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے شہریوں کی صحت کی حفاظت کے لیے فیصلے کرنے کا حق ہے اور برطانیہ کی جانب سے پاکستان سمیت کچھ ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ فیصلے سے سوال پیدا ہوتا ہےکہ کیا ان ممالک کا انتخاب سائنس کو مدنظر رکھ کر کیا گیا یا خارجہ پالیسی کو ؟

واضح رہےکہ عالمی وبا کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سفری پابندیوں کی ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے صرف برطانوی اور آئرش شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی، ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والے برطانوی شہریوں کو 10 دن قرنطینہ کرنا ہو گا۔