LIVE

اسرائیلی جہاز کی پیرس میں ہنگامی لینڈنگ

افضل ندیم ڈوگر
April 05, 2021
 

فائل فوٹو

تل ابیب سے میکسیکو جانے والی اسرائیلی ائیر لائن کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث طیارے کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جو 30 گھنٹے میں دوسرے بوئنگ 787 کی ایمرجنسی لینڈنگ ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسرائیل کی قومی ائیر لائن ایل ال اسرائیل ائیر کی پرواز ایل وائی 3041 تل ابیب سے میکسیکن شہر کینکین جا رہی تھی کہ ٹیک آف کے 2 گھنٹے 44 منٹ بعد طیارے کے کاک پٹ میں ہنگامی صورتحال کے سگنل ملے، یہ پرواز اس وقت فرانس کی فضائی حدود میں لیون شہر پر 36 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی کہ اچانک پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو طیارے میں ٹیکنیکل ایمرجنسی سے آگاہ کیا۔

کنٹرول ٹاور کی ہدایت ملنے پر پائلٹ نے طیارے کو فرانس میں ہی پیرس کے چارلس ڈی گال ائیرپورٹ پر اتار لیا تاہم تین گھنٹے کے معائنے کے بعد نقص دور کرکے اس طیارے کو منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہےکہ گزشتہ 30 گھنٹے کے دوران بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر سیریز کے دوسرے طیارے کو ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

گزشتہ روز جاپانی دارالحکومت ٹوکیو سے فرینکفرٹ جانے والی جاپانی ائیرلائن کی پرواز کے لیے بھی اسی بوئنگ 787 سیریز کا طیارہ زیر استعمال تھا جسے روس میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔