LIVE

وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے معاشی مسائل کا حل بتادیا

ایاز اکبر یوسف زئی
April 18, 2021
 

وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات  کی جس میں ملکی معاشی صورت حال پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی ملاقات  میں ماہر معاشیات اور مالیاتی امور کے ماہرین بھی شریک تھے ، ملاقات میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا اراکین بھی موجود تھے ۔

 ذرائع کے مطابق یہ ملاقات دو روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں ملکی معاشی صورت حال پر غور کیا گیا ۔

 ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کیے۔

 شوکت ترین کے نجی ٹی وی چینل پر حکومت کی معاشی صورتحال پر کیے گئے تبصرے پر بھی سوال کیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق شوکت ترین نے کہا کہ ٹی وی انٹرویو میں کہی گئی باتیں صرف موجودہ حکومت سے متعلق نہیں، کم دورانیے کے پروگرام میں معاشی صورت حال کی مکمل تفصیل نہیں بتائی جا سکی، معاشی صورت حال پر گفتگو میں ماضی کی حکومتوں کی جانب اشارہ تھا۔

 وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، وہ شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے ہیں ۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ 49 سالہ معاشی تجربے کی بنیاد پرکہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف 1 ہی حل ہے  کہ جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہو گا۔ 

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے بہترین اصلاحاتی کام کیا، رضا باقر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔