LIVE

بابراعظم ویرات کوہلی سے ایک اور عالمی ریکارڈ چھیننے کے قریب

ویب ڈیسک
April 20, 2021
 

بابراعظم اب تک 49 ٹی 20 میچز میں 48.50 کی اوسط سے 1940 رنزبناچکے ہیں۔ 

ہرارے: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے دوہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 60 رنز درکار ہیں۔ 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اگر زمبابوے کے خلاف سیریز میں یہ کارنامہ سرانجام دے دیتے ہیں تو وہ تیز ترین 2000 ٹی ٹوئنٹٰی انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے۔

بابراعظم اب تک 49 ٹی 20 میچز میں 48.50 کی اوسط سے 1940 رنزبناچکے ہیں۔ محدود ترین فارمیٹ میں تیز ترین 2000 رنز کا ہندسہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 56 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں عبور کیا تھا۔

یہی نہیں بابراعظم دنیا کے 11ویں بیٹسمین ہوں گے جو ٹی ٹوئنٹٰی انٹرنیشنل کرکٹ میں 2000 رنز بنائیں گے۔ 

پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اس وقت بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچوں میں 52.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 210 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کے خلاف مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابراعظم نے سیریز کے تیسرے میچ میں سنچری بھی اسکور کی تھی۔

بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ فارم کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 2018 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا، جہاں کھیلے گئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔