LIVE

وزیراعظم کے سفارتخانوں سے متعلق بیان پر سابق سفیر جلیل عباس جیلانی کا ردعمل

ویب ڈیسک
May 06, 2021
 

وزیراعظم عمران خان کے سفارتخانوں سے متعلق بیان پر سابق سیکرٹری خارجہ اور امریکا میں سابق پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

امریکا میں سابق پاکستانی سفیر اور سابق سیکرٹری خا رجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ محترم وزیراعظم، کاش آپ کو سفارتی مشنز کے کام کے بارے میں مناسب طریقے سے آگاہ کیا جاتا۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ ڈگریوں کی تصدیق، شادی کے سرٹیفکیٹ اور لائسنس جیسی خدمات کو تصدیق کے لیے ایچ ای سی، وزارت داخلہ یا صوبائی حکومتوں کے پاس بھیجا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو بروقت جواب نہیں ملتا تو تاخیر ہوتی ہے، اس کا الزام سفیروں پر ڈالنا غیر منصفانہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سفارتکاروں سے خطاب میں کہا تھا کہ دنیا بھر میں جس طرح پاکستانی سفارتخانے چل رہے ہیں اس طرح مزید نہیں چل سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سفارتخانوں کانوآبادیاتی دور والا رویہ قبول نہیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانوں سے متعلق شکایات زیادہ ہیں اور سعودی عرب اور یو اے ای سے ہی سب سے زیادہ ترسیلات پاکستان آتی ہیں۔