LIVE

ٹوئٹر کے بعد انسٹاگرام کی بھی کنگناکے خلاف کارروائی

ویب ڈیسک
May 10, 2021
 

فوٹوبشکریہ انسٹاگرام

ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیے جانے کے بعد بالی وڈ اداکارہ کنگنا کا خیال ہے کہ وہ انسٹاگرام پر بھی زیادہ عرصہ نہیں رہ پائیں گی۔

متنازع بیانات سے خبروں کی زینت بنی رہنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کووڈ کو تباہ کرنے والی پوسٹ ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

مقبول فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر اداکارہ کی جانب سے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام سے خفگی کا اظہار کیا گیا۔

اداکارہ کی پوسٹ کے مطابق انسٹاگرام نے ان کی کورونا کو تباہ کرنے سے متعلق پوسٹ ڈیلیٹ کردی ہے۔

اسکرین گریب

اداکارہ نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ٹوئٹر پر دہشتگردوں اور کمیونسٹ سے ہمدردی سنی تھی لیکن یہاں کووڈ فین کلب ہے۔

کنگنا نے مزید لکھا کہ انہیں انسٹا گرام پر صرف 2 دن ہی ہوئے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ ایک ہفتہ بھی گزار نہیں سکیں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ٹوئٹرکی جانب سے اداکارہ کنگنا رناوت کا اکاؤنٹ معطل کیا جاچکا ہے، اس حوالے سے امکان ظاہر کیا جارہا تھاکہ کنگنا کا ٹوئٹر اکاؤنٹ مودی حکومت کی کورونا سے نمٹنے کی پالیسیوں پر سخت تنقید کے نتیجے میں معطل کیا گیا جب کہ اکثریت کا خیال ہے کہ مغربی بنگال کے الیکشن نتائج کے بعد انہوں نے وہاں مبینہ فساد کی جو پوسٹس کی تھیں اس پر ان کا اکاؤنٹ معطل کیا گیا ہے۔