LIVE

دلیپ کمار کے مداح افواہوں پر کان نہ دھریں، سائرہ بانو کی اپیل

ویب ڈیسک
June 07, 2021
 

سائرہ بانو نے مداحوں کیلئے دعا بھی کی___فوٹو فائل

بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والی تمام نیک خواہشات اور دعاؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دلیپ کمار کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سائرہ بانو کا پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے میرے شوہر دلیپ کمار (یوسف خان) کی طبیعت ناساز ہے اور وہ ممبئی کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ اب ان کی حالت بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم میری درخواست ہے کہ ان کے مداح کسی قسم کی افواہ پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے مطلع کیا کہ بہت جلد اداکار اسپتال سے ڈسچارج ہوجائیں گے۔

پیغام کے آخر میں سائرہ بانو نے اس وبا کے دور میں تمام مداحوں کیلئے خاص دعا بھی کی۔

واضح رہے معروف سینیئر اداکار دلیپ کمار کو سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جس کے بعد اب ان کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔