LIVE

46 سال بعد خاتون کی گمشدہ انگوٹھی کیسے ملی؟

ویب ڈیسک
June 12, 2021
 

فوٹو سوشل میڈیا

امریکی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والی خاتون کو جب 46 سال بعد ان کی گمشدہ انگوٹھی ملی تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 'میری گیزل' نامی خاتون کی قیمتی انگوٹھی 1975 میں کھوگئی تھی جس کے ملنے کی امید وہ تقریباً چھوڑ چکی تھیں لیکن حال ہی میں وہ انہیں واپس مل گئی جس کے بعد میری گیزل سوشل میڈیا کی مشکور ہیں۔

رپورٹ کے مطابق میری نے بتایا کہ میسنجر پر مجھے 'کرس نورڈ' نامی شخص کا پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا کہ میرے پاس کچھ ایسا ہے جس کا تعلق شاید آپ سے ہوسکتا ہے۔

میری کے مطابق وہ کافی حیران ہوئیں کہ ایک اجنبی ایسا دعویٰ کیسے کرسکتا ہے تاہم جب انہوں نے اس انگوٹھی کی تصویر دیکھی تو وہ دم بخود رہ گئیں کیونکہ حقیقت میں یہ ان ہی کی گمشدہ انگوٹھی تھی۔

گیزل نے انکشاف کیا کہ کرس نورڈ نے یہ تصویر اپنے فیس بک پر شیئر کی تھی اور وہ گزشتہ 20 سال سے اس انگوٹھی کے مالک کی تلاش میں تھے۔

دوسری جانب کرس نورڈ نے بتایا کہ یہ انگوٹھی باکس سمیت ان کے بھائی کو کچرے کے ڈھیر سے ملی تھی جسے انہوں نے اب تک سنبھال کر رکھا تھا تاہم حال ہی میں انہوں نے اس کے مالک کو سوشل میڈیا کے ذریعے تلاش کرنے کا سوچا۔

نورڈ کی اس پوسٹ کو میری گیزل کے ہائی اسکول نے بھی شیئر کیا جس کے ذریعے میری تک یہ تصویر پہنچی۔

میری نے بعدازاں نورڈ سمیت تمام شیئر کرنے والے صارفین کا شکریہ ادا بھی کیا۔