LIVE

تنخواہ دار طبقے پر 150 ارب روپےکا انکم ٹیکس مستردکرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک
June 15, 2021
 

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ  تنخواہ دارطبقے پر 150 ارب روپےکا انکم ٹیکس لگانےکا  آئی ایم ایف کا مطالبہ مسترد کرتے ہیں۔

ایک بیان میں بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا مارنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے، پنشن اور پروویڈنٹ فنڈز پر 10 فیصد ٹیکس لگانے کی تیاری ہے۔ 

بلاول کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر 150 ارب روپےکے انکم ٹیکس لگانےکی تجویز مستردکرتے ہیں، ملکی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس لگائے، بجٹ2021 ایک ایسی دستاویز ہےکہ جس میں مخصوص سرمایہ داروں کو ایمنسٹی دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی حکومت اخباری صنعت سے وابستہ افراد کے سفری الاؤنسز تک پرٹیکس لگا رہی ہے، تعلیمی اداروں کے ملازمین اب اپنے بچوں کو رعایتی یا مفت تعلیم دلانے سے قاصر رہیں گے۔

انہوں نےکہا کہ ٹیکس استثنیٰ ختم ہونے پر اسپتال اپنے ملازمین تک کا مفت یا رعایتی علاج نہیں کرسکیں گے،تنخواہ دارطبقے کے میڈیکل الاؤنسز کے خاتمے کی کوششیں عوام دشمنی کی انتہا ہے،ریاستِ مدینہ کا نعرہ لگاکرعمران خان نے ماضی کے ظالم بادشاہوں کی سلطنت بنا لی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزیدکہا کہ ناقابل برداشت ٹیکسوں سے عوام کا خون نچوڑ کر اشرافیہ کی عیش پرستی کا سامان کیا جارہا ہے۔