LIVE

افغانستان میں اربوں ڈالر خرچ کرنے والا بھارت نئی صورت حال سے پریشان

زرغون شاہ
July 07, 2021
 

بھارتی میڈیا بھی بوکھلا گیا، کہا طالبان نے ہرات میں بھارتی فنڈز سے بنے ڈیم پر قبضہ کر لیا، افغان حکومت اور طالبان نے تردید کر دی— فوٹو: فائل

افغانستان میں اربوں ڈالر خرچ کرنے والا بھارت نئی صورت حال سے پریشان، بھارتی میڈیا بھی بوکھلا گیا، کہا طالبان نے ہرات میں بھارتی فنڈز سے بنے ڈیم پر قبضہ کر لیا، افغان حکومت اور طالبان نے بھارتی میڈیا رپورٹس کی تردید کر دی۔

افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد بھارت پریشان اور بوکھلاٹ کا شکار ہے، بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ طالبان نے افغان صوبے ہرات میں بھارت کی طرف سے تقریباً 2 ارب ڈالرز سے بنائے گئے سلما ڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور  16 ڈیم ملازمین کو بھی مار ڈالا ہے۔

افغان حکومت اور طالبان نے ہرات ڈیم پر قبضے سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبروں کی تردید کی ہے۔

طالبان ذرائع کا کہنا ہے افغانستان کے قومی اور عوامی مفاد کے کسی بھی منصوبے کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔

بھارتی میڈیا یہ پروپیگنڈا بھی کر رہا ہے کہ طالبان نہ صرف غیر ملکی منصوبوں پر قبضے کر رہے ہیں بلکہ حکومتی شخصیات کو  بھی مار رہے ہیں، بازاروں اور مارکیٹوں میں دھماکے کر رہے ہیں، افغان خاندانوں کو وطن چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے کابل میں اپنے سفارت خانے کے علاوہ مزار  شریف اور قندھار میں قونصل خانوں سے 500 کے قریب اسٹاف کو نکالنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق روس نے امریکا کو خبر دار کیا ہے کہ افغانستان سے انخلا کے بعد امریکی اور نیٹو فوجی ساز وسامان وسط ایشیائی ممالک میں منتقل نہ کیا جائے۔