LIVE

سندھ حکومت لاک ڈاؤن کے بجائے ویکسینیشن پر توجہ دے، تاجروں کا مشورہ

ویب ڈیسک
July 24, 2021
 

آل کراچی تاجر الائنس کا کہنا ہےکہ حکومت لاک ڈاؤن کے بجائے ویکسینیشن پر توجہ دے، ایک دن کاروبارکی بندش سے معیشت کو 4 ارب کا نقصان ہوتا ہے۔

سندھ حکومت کےکاروباری اوقات پر جاری کیےگئے نوٹی فیکیشن پر کراچی کی اللہ والا مارکیٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے  آل کراچی تاجر الائنس کے سرپرست اعلٰی خواجہ جمال سیٹھی نےکہا کہ حکومت اگر دو روز کاروبار بند رکھنا چاہتی ہے تو باقی 5 روز 24 گھنٹےکام کرنے کی اجازت دے۔

ان کا کہنا تھا کہ  تاجر ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں، بازار  آئے صارفین کو ماسک اور سینیٹائزر بھی فراہم کر رہے ہیں، حکومت عوام اور تاجروں کی پریشانیاں مزید نہ بڑھائے۔

تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ  کاروبار بند کرانے کے بجائے حکومت ویکسینیشن اور کورونا وارڈ کی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دے۔

دوسری جانب  تاجر ایکشن کمیٹی نے سندھ حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہےکہ سندھ حکومت مذاکرات سے مسئلہ حل کرے، اپنی گذارشات لے کر وزیراعلٰی ہاؤس جائیں گے، مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج کریں گے۔