LIVE

آزادکشمیر انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان، پی ٹی آئی نے 25 نشستیں حاصل کرلیں

ویب ڈیسک
July 26, 2021
 

چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر عبدالرشید سلہریا نے الیکشن نتائج کا اعلان کردیا۔

 مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر نےکہا کہ الیکشن صاف اور شفاف طور پر ہوئے اور ٹرن آؤٹ 62 فیصد رہا، ہارنا جیتنا مقدر کی بات ہے، جو ہار جاتا ہے وہ کہتا ہےکہ دھاندلی ہوئی ہے، تاہم کسی بھی جماعت نے ابھی تک دھاندلی سے متعلق کوئی تحریری شکایت نہیں کی ہے۔

 چیف الیکشن کمشنر نےکہا کہ باغ کے حلقےکے چار پولنگ اسٹیشن پر انتخاب 29 جولائی کو ہوگا جس کے بعد مخصوص نشستوں کا شیڈول جاری کیا جائےگا،44 کے نتائج آچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے آزادکشمیر انتخابات میں 25 نشستیں حاصل کیں جب کہ پیپلز پارٹی نے 11،مسلم لیگ ن نے6 اور مسلم کانفرنس اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے ایک،ایک نشست حاصل کی۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے پابندی کے باوجود آزاد کشمیر داخلے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم پاکستان کو خود احساس ہونا چاہیے تھا کہ علی امین گنڈاپور پر پابندی ہے وہ انہیں ساتھ لے کرکیوں آئے۔