LIVE

کراچی میں اب گھر گھر جاکر شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی

ویب ڈیسک
August 02, 2021
 

حکومت سندھ نے کراچی میں گھر گھر جا کر شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔

موبائل ویکسی نیشن وین کا افتتاح کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کل سے کراچی کے ایک ضلع میں موبائل ویکسی نیشن شروع کر دیں گے، کوشش ہے کہ تمام اضلاع میں موبائل ویکسی نیشن شروع کریں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ موبائل ویکسی نیشن سے شہریوں کو مزید آسانی ہو گی۔

ترجمان حکومت سندھ نے  کراچی کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کئی روز سے کورونا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور یکم اگست کو سندھ میں 2 لاکھ 11 ہزار افراد نے ویکسی نیشن کروائی۔

خیال رہے کہ پنجاب کے 5 اضلاع میں بھی شہریوں کو گھر گھر جا کر کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری ہے۔