LIVE

سعودی عرب میں قید 28 پاکستانی رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

ویب ڈیسک
August 03, 2021
 

سعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید 28 پاکستانی رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سےوزیر اعظم عمران خان کی درخواست  پر معمولی جرائم میں ملوث 28 پاکستانیوں کومعافی مل گئی، یہ قیدی واپس لاہور ائیرپورٹ  پہنچے تو ان کی خوشی دیدنی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چوہدری نےلاہور ائیرپورٹ پر رہائی پانے والے پاکستانیوں کا استقبال کیا، اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پوری قوم کے ساتھ ساتھ ان کےلیے بھی یہ لمحہ انتہائی خوشی کا ہے۔

وطن پہنچنے والے پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں اور اپنے پیاروں سے ملنےکے لیے بے تاب ہیں۔

رہائی پانے والوں میں ضلع مہمند،ضلع کرم ،سوات، ہنگو،لاڑکانہ اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق کورونا ٹیسٹ کلیئر آنے کے بعد ان قیدیوں کو گھروں کو جانےکی اجازت دےدی جائےگی ، ان 28 افرادسے پہلےبھی 62 قیدی حکومتی کوششوں سے رہائی پا کر سعودی عرب سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔