LIVE

عالمی برادری کو افغان طالبان سے روابط رکھنے چاہئیں، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک
August 23, 2021
 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناہے کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال میں  پاکستان کی خدمات کو دنیا بھرمیں تسلیم کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے ، تین ہزار سے زائد غیر ملکیوں کو پاکستان نے افغانستان سے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر ذمہ دارانہ کردار ادا کررہا ہے، اسے منفی سوچ ترک کردینی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کو افغان طالبان سے روابط رکھنے چاہئیں۔

قبل ازیں انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کل یورپی یونین کے خارجہ امورکے سربراہ سے گفتگو ہوئی جس میں انہیں کابل میں پاکستان کی معاونت سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران جاؤں گا جب کہ چین کے ساتھ ہماری گفتگو ہوچکی ہے۔

وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ افغانستان کثیر نسلی ملک ہے، وہاں پشتون اوردیگر لوگ بھی ہیں، افغانستان میں جو حکومت سامنے آئے وہ وسیع البنیاد اور اجتماعیت کی حامل ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور خطے کے ہمسایہ ممالک افغانستان میں قیام امن چاہتے ہیں لیکن افغانستان میں امن مخالف قوتیں ’اسپوائلرز‘ آج بھی متحرک ہیں، ہندوستان کو اپنی محدود سوچ ترک کرنا ہوگی، ہمیں بھارت کے افغانستان سے اچھے تعلقات پر اعتراض نہيں، ہمارا افغانستان میں فوکس کسی ايک گروپ پر نہيں۔