Time 23 اگست ، 2021
پاکستان

بھارت کے افغانستان سے اچھے تعلقات پر اعتراض نہيں: شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  ہمیں بھارت کے افغانستان سے اچھے تعلقات پر اعتراض نہيں اور ہمارا افغانستان میں فوکس کسی ايک گروپ پر نہيں۔

افغانستان کی موجودہ صورتحال پر جاری بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی ميڈيا نے ميرے کابل جانے کا واويلا کيا اور غيرذمہ دارانہ گفتگو کی جب کہ بھارتی ميڈيا کو بات کرنے سے پہلے تصديق کرنا چاہيے، میں کابل نہيں گيا بلکہ پاکستان ميں ہی اہم ميٹنگز اٹينڈ کیں۔

انہوں نے کہا کہ کل یورپی یونین کے خارجہ امورکے سربراہ سے گفتگو ہوئی جس میں انہیں کابل میں پاکستان کی معاونت سے آگاہ کیا، اس کے علاوہ تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران جاؤں گا جب کہ چین کے ساتھ ہماری گفتگو ہوچکی ہے۔

وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ افغانستان کثیر نسلی ملک ہے، وہاں پشتون اوردیگر لوگ بھی ہیں، افغانستان میں جو حکومت سامنے آئے وہ وسیع البنیاد اور اجتماعیت کی حامل ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور خطے کے ہمسایہ ممالک افغانستان میں قیام امن چاہتے ہیں لیکن افغانستان میں امن مخالف قوتیں ’اسپائیلرز‘ آج بھی متحرک ہیں، ہندوستان کو اپنی محدود سوچ ترک کرنا ہوگی، ہمیں بھارت کے افغانستان سے اچھے تعلقات پر اعتراض نہيں، ہمارا افغانستان میں فوکس کسی ايک گروپ پر نہيں۔

مزید خبریں :