LIVE

احمد مسعود نے پنجشیر میں جنگ روکنے کی مشروط پیشکش کردی

ویب ڈیسک
September 05, 2021
 

پائیدار امن کیلئے طالبان حملے رُکنےکی شرط پرہم بھی لڑائی روکنےکو تیار ہیں، احمد مسعود— فوٹو:فائل

افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں طالبان مخالف قومی مزاحمتی فورس کے سربراہ احمد مسعود نے جنگ روکنے کی مشروط پیشکش کردی۔

سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود وادی پنجشیر میں مزاحمتی فورس کی قیادت کررہے ہیں۔

گزشتہ کئی روز سے پنجشیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس کے درمیان جنگ جاری ہے جبکہ طالبان کی جانب سے آج صوبے کے تمام اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اب ایسے میں احمد مسعود نے بھی طالبان سے بات چیت کا عندیہ دیا ہے۔ اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے جاری بیان میں احمد مسعود کا کہنا تھاکہ مزاحمتی فورس افغان علما کے بیان کا خیرمقدم کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجشیر میں لڑائی ختم کرکے بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں، پائیدار امن کیلئے طالبان حملے رُکنےکی شرط پرہم بھی لڑائی روکنے کو تیار ہیں۔

احمد مسعود کا کہنا تھاکہ طالبان پنجشیر اور ضلع اندراب میں حملے اور کارروائیاں ختم کردیں تو ہم بھی لڑائی روک دیں گے اور مذاکرات کریں گے۔

دوسری جانب افغانستان کے دارالحکومت کابل میں علمائے کرام کا اجلاس ہوا جس میں طالبان اور مزاحمتی فورس سے فوری جنگ بندی اورمذاکرات کی اپیل کی گئی۔