05 ستمبر ، 2021
طالبان نے افغانستان کے صوبے پنجشیر کے تمام اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کردیا۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد واثق نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے وادی پنجشیر کے تمام اضلاع کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی پنجشیر کے مقام پر مزاحمتی فورس سے جنگ جاری ہے۔
اس کے علاوہ طالبان کی جانب سے بڑی تعداد میں مزاحمتی فورس کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
تاہم مزاحمتی فورس کے ترجمان فہیم دشتی نے طالبان کے دعوے کی تردید کی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مزاحمتی فورس نے طالبان سے پریان ضلع کا کنٹرول واپس حاصل کرلیا ہے اورطالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان اور پنجشیر کی قومی مزاحمتی فورس کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد وادی پنجشیر میں جنگ جاری ہے۔
فریقین کی جانب سے متعدد بار ایک دوسرے کو جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔